’پاکستان کا پہلا پبلک سیکٹر اینڈوکرینالوجی ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کراچی میں پہلے ایک چھوٹے کمرے میں او پی ڈی کا آغاز کیا تھا۔ پھر تباہ حال بیرکس میں ڈیپارٹمنٹ قائم کیا۔ اس ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کی تعمیر کے لیے چندہ اکٹھا کیا گیا۔‘
یہ کہنا ہے ڈاکٹر تسنیم احسن کا جنھیں حال ہی میں امریکہ کی اینڈوکرائن سوسائٹی نے ان کی شاندار خدمات پر لاریٹ ایوارڈ سے نوازا ہے۔ وہ پہلی پاکستانی ہیں، جن کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔
اینڈوکرائن سوسائٹی ہر سال اس شعبے میں غیر معمولی خدمات پر یہ انعام دیتی ہے۔
پروفسیر ڈاکٹر تسنیم احسن کراچی میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر سے سنہ 2015 میں ریٹائر ہوئیں تو تعلیم، تحقیق اور طب کے میدان میں شاندار کارگردگی پر ادارے نے انھیں پروفیسر ایمریٹا کا خطاب دیا، یعنی وہ پروفیسر جن کی خدمات سے ہمیشہ فائدہ اٹھایا جاتا رہے گا۔