جب شیرون اوکلی نے 2018 میں ایک بچے کو جنم دیا تو فوراً ہی ان کے جاننے والوں نے اُن کی جسمانی وضع قطع پر مبارک بادیں دینی شروع کر دیں۔ وہ کہتی ہیں کہ لوگ اُنھیں بچے کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی ایسا کہنے لگے کہ ’اوہ، تم تو بہت زبردست لگ رہی ہو، بالکل پہلے جیسی ہو گئی ہو۔‘
بھلے ہی باہر سے ایسا لگ رہا ہو کہ وہ ’پہلے جیسی‘ ہو گئی ہیں مگر حقیقت اس سے مختلف تھی۔ حالانکہ حمل کے دوران بڑھنے والا ان کا زیادہ تر وزن کم ہو گیا تھا مگر وہ جسمانی طور پر اب بھی سخت تکلیف میں تھیں۔
شیرون برطانیہ کے علاقے یارکشائر میں رہنے والی ایک کینیڈین ہیں۔ اُنھیں جوگنگ پسند تھی اور وہ بچے کی پیدائش کے چھ ماہ بعد دوبارہ اپنے بچے کے سٹرولر کے ساتھ جوگنگ کرنے لگیں۔ مگر اس دوران ان کا پیشاب خطا ہو جاتا تھا۔ وہ اپنے آفس میں بھی پیشاب خطا ہونے کے مسئلے کا سامنا کرنے لگی تھیں۔
ان کو لاحق عارضے کی تشخیص میں چھ ماہ لگے اور بالآخر ڈاکٹروں نے تشخیص کی کہ زچگی کے دوران اُن کی ہڈیاں کمزور ہونے کے باعث ان کا مثانہ، رحم اور بڑی آنت اپنی جگہ سے پھسلنے لگے تھے۔