کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ بارش کی رِم جھم اتنی پُرسکون کیوں محسوس ہوتی ہے؟ یا پھر ساحل سے مسلسل ٹکراتی لہروں کی آواز کانوں میں رس کیوں گھولتی ہے؟
ان آوازوں کی فریکوئنسی پر حال ہی میں ’ٹک ٹاک‘ پر ایک ٹرینڈ بنا جب صارفین نے ’براؤن نوائز‘ کو دریافت کیا اور اس کے فوائد گنوائے جو ’وائٹ نوائز‘ (سفید شور) کا بالکل الٹ ہے۔
اس ٹرینڈ کی وجہ سے لوگ اب جدید زندگی سے جڑی پریشانیوں یا پھر اپنے اندرونی احساسات اور خیالات سے چند لمحوں کے لیے فرار اختیار کرنے کے لیے اس کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ یہ آواز لوگوں کو کام پر توجہ مرکوز کرنے، باآسانی سونے اور اے ڈی ایچ ڈی جیسے ڈس آرڈر کا شکار لوگوں کی زندگی آسان بنانے میں مدد دیتی ہے۔