ʹپاکستان کے سیاسی حالات کیا کہہ رہے ہیں؟‘
ذرا سوچیں آپ کے ذہن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو اور آپ اس کے علاوہ کسی دوسرے موضوع پر بات کرنا نہ چاہتے ہوں لیکن کوئی شخص آپ سے اچانک سیاست پر بات شروع کر دے۔
میرے ساتھ بھی یہی کچھ اس وقت ہوا جب دو پروازوں کے ذریعے 16 گھنٹے کا تھکا دینے والا سفر ختم کر کے میں میلبرن ایئرپورٹ سے باہر آیا۔
تھکاوٹ اور نیند کے غلبے کے باوجود ذہن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں ہی سوچ رہا تھا لیکن میں نے ایئرپورٹ سے ہوٹل کے لیے جو ٹیکسی لی اس کے ڈرائیور سعید صاحب راولپنڈی کے رہائشی نکلے اور پھر انھوں نے وہی موضوع چھیڑ دیا جو ملک سے باہر رہنے والے پاکستانی ملنے پر اکثر کیا کرتے ہیں: یعنی پاکستان کے سیاسی حالات کہاں جا رہے ہیں؟ آپ کو کیا لگتا ہے کیا ہو گا؟